اسلام آباد کے علاقے پنڈوڑیاں اشرف ٹاؤن میں ڈاکووں نے گھر میں گھس کر نوجوان کو مار دیا جبکہ فائرنگ سے باپ شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کھنہ کے علاقے اشرف ٹاؤن میں واقع گھر میں رات دو بجے کے قریب مسلح ڈاکو گھس گئے اور اہل خانہ کو ایک گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا، پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکووں نے فائرنگ شروع کر دی جس سے نوجوان تصور عباس موقع پر جاں بحق جبکہ باپ شدید زخمی ہو گیا، پولیس نے نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر کے ضابطے کی کارروائی شروع کردی۔
دوسری طرف اسی علاقے میں گزشتہ شب ڈکیتی کے دوران اہل خانہ کی فائرنگ سے ایک ڈکیت زخمی ہو گیا ۔اشرف ٹاؤن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن گئی ہیں۔ شکایت یا درخواست پر پولیس اہلکار جائے وقوعہ کا معائنہ کرنےآتے اور معمول کی کارروائی کے طور پر نمٹا کر واپس چلے جاتے ہیں۔علاقے میں پولیس گشت نام کی کوئی چیز نہیں۔
ڈاکؤوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا تصور عباس دو سالہ بچی کا والد تھا
آئے روز ہونے والی وارداتوں میں گھر کے مکینوں کو یرغمال بنا لیا جاتا ہے اور کئی کئی گھنٹے اطمینان سے لوٹ مار کے بعد ڈاکو باآسانی فرار ہو جاتے ہیں ۔بعض وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے تاہم پولیس اب تک کسی بھی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
مکینوں کے مطابق اب نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ ڈاکو انسانی جانوں کے در پے ہو گئے ہیں جس کی مثال گزشتہ روز ہونے والی واردات ہے جس میں باپ بیٹے کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔اہل خانہ کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا نوجوان تصور عباس اسی علاقے میں حجام کی دکان کرتا ہے۔وہ رات دو بجے دکان بند کر کے گھر واپس آیا تو پیچھے ڈاکو بھی داخل ہو گئے اور ان کے خاندان پر قیامت ڈھا دی ۔ مقتول تصور عباس شادی شدہ اور ایک دو سالہ بچی کا باپ تھا۔
In Islamabad, robbers broke into a house and killed a young man,اسلام آباد میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر نوجوان کو مار دیا

