وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ وکلاء، تاجر، سول سائٹی میری طاقت ہیں،ہم سب کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہو گا۔ پوری ریاست میں غیر سیاسی احتساب ہو گا۔ اگر ناکام ہوا تو استعفیٰ دے کر چلا جاؤں گا۔ ریاست کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر جاؤں گا۔ آزادکشمیر کے کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ عنقریب وزیراعظم آزادکشمیر کا پورٹل آر ہا ہے جس میں عوام اپنی شکایات بھیج سکیں گے۔ ریاست ہر مظلوم کی آواز بنے گی۔اب تھانے کا ایس ایچ او خود ایف آئی آر لکھے گا اور عام آدمی کا مدعی ہو گا۔چمیبرز وکلاء کا حق ہے اور انہیں ملے گا۔ آنے والا وقت بہتری کی طرف جائے گا۔ میری موجود گی میں کوئی کشمیر پر سودے بازی کرنے کا تصور بھی نہ کرے۔ کشمیر کا مقدمہ ڈنکے کی چوٹ پر لڑوں گا۔
جب تک اشرافیہ بجلی کے بلز ادا نہیں کرے گی اس وقت تک عام آدمی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ غریب عوام تک روٹی کے دو لقمے پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے اعلان نہیں کرتا اور نہ ہی مطالبے کی ضرورت ہوگی جس کا حق ہو گا اس کو ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے سنٹرل بار ایسو سی ایشن کے نو منتخب وعہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے سینئر وزیر کرنل وقار نور، وزراء حکومت عبدالماجد خان، چوہدری محمد رشید، جاوید بٹ، اکمل سرگالہ، اکبر ابراہیم، چوہدری اخلاق، سردار میر اکبر، عامر الطاف، راجہ محمد صدیق، دیوان علی چغتائی، نثا انصر ابدالی، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، سنٹرل بار ایسو سی ایشن اور سینیئر وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن راجہ آفتاب خان ایڈدوکیٹ، سابق صدر سنٹرل بار ایسو سی ایشن فضل محمود بیگ ایڈووکیٹ، اسد خان ایڈووکیٹ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم نے سنٹرل بار ایسو سی ایشن کے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔
انہوں نے کہا کہ سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی میں چاروں صوبوں سے نمائندگی موجود تھی تمام صوبوں کے نمائندوں نے میری بات کی تائید کی۔ انہوں نے کبھی کسی جگہ ذات کی بات نہیں کی صرف اور صرف عوام کے حقوق کی بات کی اور کرتا رہوں گا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان سے محنت کا رشتہ ہے۔ حق کی بات کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے نیلم میں 21کیوسک سے زیادہ بجلی بڑھائیں گے۔
Prime Minister AJK announced public portal for the state ,وزیراعظم آزادکشمیر کا عوامی پورٹل بنانے کا اعلان


