عمران خان کے سابق دست راست اور سابق وزیراعلی خیبر پختون خواہ پرویز خٹک نے تحریک انصاف کو بڑا چیلنج دے دیا ہے اور کہا ہے کہ ائندہ انتخابات میں اگر میں نے تحریک انصاف کا صفایا نہ کر دیا تو میرا نام بدل دینا۔
ہفتے کے روز نوشہرہ میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے تھے کہ پرویز خٹک اکیلا ہے آج دیکھ لیں کہ کون اکیلا ہے۔آج کا جلسہ سب کچھ ظاہر کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان غرور کرتا ہے اور غرور اللہ کو پسند نہیں ہے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزیراعلی محمود خان اور تحریک انصاف کے کئی دیگر سابق اراکین موجود تھے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ میں نے تحریک انصاف کی جس قدر خدمت کی، کوئی اور نہیں کر سکتا۔ 2013 میں تحریک انصاف کی کامیابی الیکٹیبلز کی وجہ سے ممکن ہوئی جو میرے ساتھ آئے تھے۔پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے جلسوں اور تقاریر میں خیبر پختون خواہ میں اپنی جس کارکردگی کا ذکر کرتے تھے وہ کارکردگی میری ہی حکومت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس غلط فہمی سے نکل جائیں کہ عمران خان آ کر نیا پاکستان بنائے گا۔
