سرکل بکوٹ ایبٹ آباد کے نامور صحافی محمد عبیداللہ علوی مرحوم کے فرزند طٰہٰ احمد علوی نے تعلیم کے شعبے میں بڑا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے بی ایس کمپیوٹر سائنس ، امتیازی سی جی پی اے کے ساتھ مکمل کر لیا۔
اس شاندار کامیابی پر 17 اگست 2023 کو وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنس وٹیکنالوجی اسلام آباد میں منعقدہ کانووکیشن میں طٰہٰ احمد علوی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔واضح رہے کہ طٰہٰ علوی کے والد محمد عبید اللہ علوی ایبٹ آباد کے علاقے بیروٹ کے نامور اور اولین صحافیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے نہ صرف صحافت میں اعلٰی تعلیم حاصل کی بلکہ اسے بطور پیشہ اپنایا اور تیس برس سے زائد عرصے تک مختلف صحافتی اداروں میں خدمات انجام دیتے رہے۔
عبیداللہ علوی تین برس قبل اپنی زندگی کے آخری ایام تک روزنامہ جنگ سے وابستہ رہے۔وہ اپنے علاقے اور خطہ کوہسار کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر بھی ہردم فعال رہتے تھے اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حجاصل کرنے والے اپنے علاقے کے لوگوں اور بالخصوص طلبہ و طالبات کی کارکردگی کو سراہتے تھے۔
آج اپنے فرزند کی کامیابی پر اسے شاباش دینے کیلئے عبیداللہ علوی خود موجود نہیں ہیں تاہم میڈیا سے وابستہ ان کے شاگرد اور جونیئرز سمیت قارئین کی بہت بڑی تعداد طٰہٰ علوی کی کامیابی پر خوش ہے، اس پر مسرت موقع پر کوہسار نیوز نیٹ ورک کی ادارتی ٹیم اور عملے کے تمام ارکان ظٰہٰ عبیداللہ علوی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مستقبل میں ان کی مزید کامیابیوں کیلئے دعاگو ہیں۔


