عمران خان کیخلاف فیصلہ دینے والے جج ہمایوں دلاور کو برطانیہ میں ہراساں کرنے پر پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن شایان علی اور دیگر کیخلاف بغاوت اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کیا گیا ہے،ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے جی الیون مرکز کے رہائشی ناصر اقبال نے بتایا کہ شایان علی کی 6اگست کو سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں وہ جج کی زندگی کو جہنم بنانے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ پانچ وڈیوز میں شایان علی نے جج کو نہ صرف دھمکیاں دیں بلکہ ہمایوں دلاور کے ٹریننگ کے مقام کے باہر بھی لوگوں کا مجمع بھی اکٹھا کیا۔
شایان علی برطانوی یونیورسٹی کے باہر جج ہمایوں دلاور کا انتظار کرتے ہوئے
ایف آئی آر کے مطابق برطانوی سکیورٹی حکام نے جج ہمایوں دلاور کو جسمانی حملے سے بچایا، پاکستان تحریک انصاف برطانیہ کے رہنماعمران خلیل اور عادل فاروق راجہ نے بھی ملزم کا ساتھ دیا۔
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ملزمان کا مقصد جج کو دباؤمیں لا کر مخصوص سیاسی جماعت کے حق میں فیصلے کرانا ہے، ملزمان نے دہشت گردی کی کارروائیوں کے ذریعے سیاسی مفادات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیو کلپ میں برطانیہ میں مقیم شایان علی مستقل طور پر لاہور کا رہائشی ہے جس نے ہمایوں دلاور کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
