مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی ممکنہ اور مشروط واپسی کیلئے20 ستمبر کی نئی تاریخ مقرر کی گئی ہے تاہم واپسی سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لی جائے گی، یکم ستمبر کو نواز شریف اس حوالے سے اہم پریس کانفرنس بھی کر سکتے ہیں۔
لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے پلان اے اور پلان بی تیار کر لیا ہے جس کے تحت سابق وزیراعظم 20 ستمبر کو وطن واپسی پر غور کر رہے ہیں۔
پلان اے کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہو گی جبکہ پلان بی کے تحت نواز شریف کی آمد لاہور ایئرپورٹ پر بھی ہو سکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وطن واپسی سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ سے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت لی جائے گی، نواز شریف وطن واپسی سے قبل یکم ستمبر کو اہم پریس کانفرنس بھی کر سکتے ہیں۔
ادھر مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر گارنٹی مل چکی ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی عدالتوں سے بریت طے ہے اور اُن کے لیے زیرو رسک ہوچکا ہے جبکہ اس معاملے پر ہمیں گارنٹی بھی مل چکی ہے۔

