پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ الیکشن نہیں ہوں، سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی عوام کو بیدار کرنے کی تحریک کا آغاز کیا ہے جسے ہم ملک کے کونے کونے تک لے جائیں گے
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جرگہ بلایا لیکن اس جرگے میں خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون پر کوئی بات نہیں کی گئی،
دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والی ماؤں بہنوں کی سسکیاں سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور میں ہزاروں نوجوان تعلیمی اداروں میں نشہ عام ہونے پر رو رہے ہیں،
ستر فیصد نوجوان نسل نشے میں مبتلا ہوچکی ہے لیکن ڈرگ مافیا کا مقابلہ کرکے اس کو سزا دینے والا کوئی نہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایک یونیورسٹی کے ڈرائیور کی گاڑی سے آئس، نشہ اور گولیاں برآمد ہوئیں اور اسی دن اسمبلی میں قانون پاس ہورہا تھا کہ منشیات فروشوں کو سزائے موت نہیں ہونی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک پر دو خاندان مسلط ہیں، میاں نواز شریف کے خاندان نے نصف صدی تک حکومت کی اور زرداری نے سندھ کو یرغمال بنائے رکھا
جب تک یہ دونوں خاندانوں سے نجات نہیں ملتی عوام کا کچھ نہیں ہونے والا، زرداری بلاول کو اور شہباز شریف حمزہ کو اور نواز شریف مریم کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں۔

