راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک خطرناک ڈاکو نور آغا مارا گیا، جس نے چند روز قبل بحریہ ٹائون راولپنڈی میں گھر کے اندر واردات کے دوران آزاد کشمیر کے احتساب جج سردار امجد اسحاق کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
اس حوالے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق تھانہ روات کے علاقہ بحریہ ٹاؤن میں پولیس پارٹی نے مشکوک افراد کو دیکھ کر پولیس موبائل چیک کرنے کی غرض سے روکی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا، ہلاک ڈاکو کی شناخت نور آغا کے نام سے ہوئی ہے۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ ہلاک ڈاکو نے چند روز قبل بحریہ ٹاؤن میں واردات کے دوران فائرنگ کر کے آزاد کشمیر کے معزز جج سردار امجد اسحق کو جاں بحق کر دیا تھا۔ہلاک ڈاکو نور آغا کو ہسپتال میں مقتول جج کے بیٹے نے بھی شناخت کر لیا ہے۔واقعہ میں ہلاک ڈاکو کا ایک ساتھی فرہاد قبل ازیں زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا جو 10 روز بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق خطرناک گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لئے پولیس ٹیمیں آپریشن کر رہی ہیں، ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض سر انجام دینے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر اور روات پولیس کی توصیف کی ہے۔
