ملکہ ایلزبتھ دوئم کے جانشین بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے ان کے فرزند شاہ چارلس کو تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہنا دیا گیا۔چارلس سوئم اور ان کی اہلیہ ملکہ کنسورٹ کمیلا کی تاج پوشی کی تقریب ہفتے کے روز ویسٹ منسٹرایبی میں کم و بیش تین گھنٹے تک جاری رہی جسے دنیا بھر کے میڈیا نے براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا۔بادشاہ سے آرچ بشپ آف کینٹربری نےحلف لیا جس کے بعد انہوں نےحلف نامے پر دستخط کردیے۔
برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم نے سینٹ ایڈورڈ چیئر سنبھال لی اور انہیں تاریخی کنگ ایڈورڈ تاج پہنا دیا گیا، آرچ بشپ نے بادشاہ چارلس کوکنگ ایڈورڈ تاج پہنایا۔شاہ چارلس کنگ ایڈورڈ تاج پہننے والے ساتویں شاہی سربراہ ہیں۔سینٹ ایڈورڈ تاج ٹھوس 22 کیرٹ سونے سے بنا ہے۔ تاج میں نیلم، یاقوت اور پکھراج سمیت 444 جواہرات اور قیمتی پتھر جڑے ہیں۔ شاہی رویات کے تحت ہیرے اور سونے کے چمکتے دمکتےتاج کو اگلے بادشاہ کی تاج پوشی کے لیے محفوظ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شاہ چارلس اپنی والدہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے فوراً بعد بادشاہ بن گئے تھے لیکن تاج پوشی کی قدیم رسم ان کے دور کے آغاز کی علامت ہے اور یہ سینٹ ایڈورڈ کے تاج کو دیکھنے کا نادر موقع ہو گا کیونکہ یہ صرف تاجپوشی کے وقت پہنا جاتا ہے۔22 قیراط سونے سے بنا 360 سال پرانا تاج ایک فٹ سے زیادہ اونچا اور 2.23 کلوگرام وزنی ہے۔ یہ دو انناس، ایک بڑے خربوزے یا دو لیٹر پانی کی بوتل جتنا وزنی ہے۔آخری مرتبہ سینٹ ایڈورڈ کا تاج ملکہ الزبتھ دوم نے 1953 میں اپنی تاج پوشی پر پہنا تھا اور گذشتہ 70 برسوں میں شاید ہی کبھی یہ ٹاور آف لندن سے باہر آیا ہوگا۔چنانچہ بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی صورت میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی ہے۔

