ایرانی صوبہ سیستان میں پولیس چیف کو اہلیہ سمیت قتل کر دیا گیا۔ حملہ آوروں نے ایرانی بلوچستان کے سرحدی شہر سراوان میں علی رضا پر فائرنگ کی۔ سراوان کے گورنر سعید تاجلی کے مطابق داخلی سیکورٹی فورسز کے کمانڈر میجر علی رضا شاہراکی اپنی اہلیہ کے ہمراہ جا رہے تھے کہ نا معلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میجر علی رضا موقع پر جاں بحق اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئی۔
علی رضا شاہراکی کی اہلیہ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب لا تے ہوئے دم توڑ گئیں۔ اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ سیستان بلوچستان کے پولیس سربراہ دوست علی جلیان نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد ہو سکتا ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے ایرانی لیڈر شپ کونسل کے ایک رکن آیت اللہ سلیمانی بابولسر شہر میں ان کے دفتر میں گھس کر قتل کر دیا گیا تھا ۔
