مری کے بےباک ، نڈر اور معروف سینئر صحافی سلیم شوالوی رضائےالہی سے انتقال کر گئے۔ اناللہ و انا الیہ راجعون۔مرحوم طویل عرصے سے علیل تھے اور اتوار کے روز راولپنڈی میں خالق حقیقی سے جا ملے۔
مرحوم ایک بڑے دانشور اور شاعر تھے جبکہ انہیں خطہ کوہسار کا پہلا صحافی ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا سلیم شوالوی کم و بیش بیس برس قبل مری سے راولپنڈی شفٹ ہوگئے تھے ۔ انہیں علم ادب سے گہرا شغف تھا ،اور علمی ادبی حلقوں میں ان کا بڑا احترام تھا ۔مال روڈ مری پر بک گیلری کے نام سے ان کی شاپ اب بھی موجود ہے ۔
نماز جنازہ آج پیر کے روز دن دو بجے مال روڈ مری میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں آبائی قبرستان شوالہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
خطہ کوہسار کی نامور علمی شخصیت اور کوہسار یونیورسٹی کے پروفیسر اشفاق کلیم عباسی نے سلیم شوالوی کے انتقال پر گہرے دکھ ک اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر انہیں اس طرح خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اس چمن میں ہوں گے پیدا بلبل شیراز بھی
سینکڑوں ساحر بھی ہوں گے صاحب اعجاز بھی
ہو بہو کھینچےگا لیکن عشق کی تصویر کون
اٹھ گیا ناوک فگن مارے گا دل پر تیر کون
الوداع اےرونق جبال،اےصاحب جمال،اےشعورمری الوداع


