چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سابق وفقی وزیر سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر برائےپارلمانی امور مرتضی جاوید عباسی، وفاقی وزیر سیفران سینیٹر محمد طلحہ محمود، معاون خصوصی وزیراعظم سردار شاہ جہان یوسف اور سردار محمد فرید نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کو صوبہ ہزارہ کی پہلی سیڑھی قرار دیا۔
اس سلسلے میں وزیراعظم ہاوس میں منعقدہ تقریب میں جمعہ کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کا اعلان کیا اور منصوبے کا افتتاح کیا۔ تقریب کے بعد اپنے ایک مشترکہ بیان میں صوبہ ہزارہ کے رہنماوں نے کہا کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کا قیام ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ گذشتہ پچاس برسوں سے عوام کا مطالبہ تھا کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی قائم کی جائے۔نئے صوبوں کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے بعد ہزارہ کے عوام کے لیے یہ بہت بڑا تحفہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ 29 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف نے مانسہرہ جلسہ میں اس کا اعلان کیا تھا اور سات ماہ کی قلیل مدت میں اس پر عمل در آمد ہو گیا۔اس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی اور کیپٹن صفدر کی کاوشوں کا خصوصی دخل ہے۔انھوں نے نے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر اور ان کی ٹیم کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک سردار محمد یوسف اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضٰی جاوید عباسی نے کہا کہ ہم اعلان نہیں عمل کرنے والے ہیں۔اس کے بعد صوبہ ہزارہ پر کام کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف اگر مخلص ہے تو آگے بڑھ کر صوبے کے قیام میں ہمارا ساتھ دے۔
