وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے امریکی قونصل جنرل ولیم کے میکانیول نے ملاقات کی۔ایم این اے حسین الٰہی،چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگا۔
اعلامیے کے مطابق امریکی قونصل جنرل نے پنجاب میں نئے اضلاع بنانے پر وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی تعریف کی۔انہوں نے پنجاب اور امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت کا خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب اور امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔بہت جلد اس ضمن میں معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔معاہدے سے پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان تجارتی، معاشی،کاروباری تعلقات میں اضافہ ہوگا۔پنجاب اورامریکی ریاست کیلیفورنیا کے مابین دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی۔
وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے کہاکہ تعلیم،صحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،ماحولیات اورثقافت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔ یہ معاہدہ پنجاب اورکیلیفورنیا کی ریاست کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں خصوصی سیل بنایا گیا ہے اورسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔سیلاب متاثرین کیلئے امداد پرامریکہ کے شکرگزار ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی کوئی مدد نہیں کی۔پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکیج دیاہے۔ہماری حکومت سیلاب زدگان کو گھر تعمیرکر کے دے رہی ہے۔سیلاب متاثرین کے لائیوسٹاک اورفصلوں کے نقصان کا بھی ازالہ کیاہے۔سیلاب متاثرین کو فری سولر ٹیوب ویل فراہم کیے جارہے ہیں۔ پنجاب بھر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔سرمایہ کاری کیلئے پنجاب سب سے موزوں صوبہ ہے۔ ہم نے غیرآباد زمین کو 30سال کے لئے لیز پر دینے کی پالیسی بنائی ہے۔وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو یہ اراضی بالکل مفت دی جائے گی۔سرمایہ کار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پنجاب میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے 4نئے ضلع بنائے ہیں۔ان اضلاع میں نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں بلکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہورہے ہیں۔نئے اضلاع آبادی اورعوام کی ضروریات کو مدنظر رکھ کربنائے گئے ہیں۔
پنجاب میں نئے صنعتی زونز بنائے ہیں۔ان صنعتی زونز میں سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈوآپریشن شروع کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے لاہور میں ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ پرکام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس پراجیکٹ کی تکمیل سے شہریوں کو موٹروے تک آسان رسائی ملے گی۔پاکستان پرامن ملک ہے،ہمسایہ ملکوں سے اچھے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوآئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔امریکی قونصلیٹ کی پولیٹیکل اینڈ اکنامک چیف کیتھلین گبلیسکو (Ms Kathleen Gibilisco) اور پولیٹیکل سپیشلسٹ صدف سعد بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
٭٭٭٭
