مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی کی نماز جنازہ کل اتوار کی صبح نو جامعہ دارالعلوم کراچی میں ادا کی جائے گی،
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق نماز جنازہ کے بعد جامعہ دارالعلوم کراچی کے قبرستان میں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔اس حوالے سے تمام علماء کرام و طلباء،متوسلین و متعلقین سے کہا گیا ہے کہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے آنے والے حضرات جامعہ دارالعلوم کراچی کی جانب سے مرتب کردہ نظم کا خیال رکھیں۔ اور کسی قسم کی بدنظمی نہ پیدا ہونے دیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ قائدین وفاق المدارس نے تمام مدارس و جامعات اور تمام مسلمانوں سے مفتی اعظم پاکستان مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔واضح رہے کہ مفتی اعظم پاکستان کی رحلت کے بعد ملک بھر سے علمائے کرام سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی جانب سے تعزیت اور آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ نماز جنازہ میں شرکت کیلئے ملک کے علاوہ بیرون ملک سے بھی اہم شخصیات کی آمد متوقع ہے۔
