راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کی حدود میں پولیس کی کاروائی، قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم گرفتارکر لیا گیا۔
اس حوالے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق پیرودھائی پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم جمال کو گرفتارکرلیا، جمال نے اپنے والد قدرت اللہ کے ہمراہ لین دین کے تنازعہ پرفائرنگ کرکے محمد رفیق کو قتل کر دیا تھا،
واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں ستمبر میں درج کیا گیا تھا، ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم قدرت اللہ قبل ازیں گرفتار ہوکر چالان ہو چکا ہے، ملزم کی گرفتاری پر ایس پی راول بابر جاوید جوئیہ نے پیرودھائی پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاری مجرمان کی گرفتاری لواحقین کو انصاف کی فراہمی کیلئے اہم ہے۔
