(پریس ریلیز) 9 نومبر، 2022
پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک مختصر دستاویزی ویڈیو کا اجراء کیا ہے، جس میں شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
اقبال کی شاعری میں فکر و خیال کی گہرائی ملتی ہے۔ قیام پاکستان انہی کی فکری کاوشوں کا مرہون منت ہے۔ نوجوان نسل کو شاہین کا تخاطب دے کر اقبال جہاں اس میں رفعت خیال، جذبہ عمل، وسعت نظری اور جرأت رندانہ پیدا کرنا چاہتے تھے وہاں اس کے جذبۂ تجسس کی بھرپور تکمیل بھی چاہتے تھے۔ شاہین جو پرندوں کی دنیا کا درویش ہے، اپنی خودی پہچانتا ہے۔ تجسس اس کی فطرت اور جھپٹنا اس کی عادت ہے۔ وہ فضائے بسیط کا واحد حکمران ہے جو فضاؤں اور بلندیوں سے محبت کرتا ہے۔ دستاویزی فلم میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر شاہین مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
ترجمان پاک فضائیہ
