گھوڑا گلی کو گیس فراہمی کے وعدے وعدے ہی رہے
(محمد عتیق عباسی) موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ کوہسار میں نومبر سے جنوری تک سردی کی شدت کے باعث ایندھن کی ضروریات خوراک کے ساتھ بنیادی ترجیحات میں شامل ہو جاتی ہیں۔ مری کے اکثر دیہات کو گیس کی فراہمی سے اہل علاقہ نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ لیکن باوجود وعدوں کے گھوڑا گلی کو گیس کی فراہمی نہیں ہو سکی۔۔ بد قسمتی سے بڑے بڑے نام، وزارتیں، عہدے اور سیاسی رسوخ معمولی سا مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے۔
عام آدمی گروپ کے رہنما نقاش عباسی نے اپنے ایک بیان میں حیرت و تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری کے لیے گیس فراہمی منصوبے کا افتتاح یوسی گھوڑا گلی میں موجود لارنس کالج میں کیا گیا تھا۔ مگر اٹھارہ سال گزرنے کے باوجود یوسی گھوڑا گلی کی آبادی کو گیس کی فراہمی نہیں کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے سیاسی زعماء سے لوگوں کی توقعات وابستہ تھیں کہ مرکزی قیادت سے ذاتی مراسم کی وجہ سے وہ گیس فراہمی جیسا معمولی کام دنوں میں کروا لیں گے۔ لیکن ان کی توقعات پوری نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے عوام نے انتخابات میں پی ٹی آئی کو اپنی توقعات کا محور و مرکز بنایا لیکن وہ بھی اپنے چار سالہ دور میں گیس فراہمی کا وعدہ ایفا نہ کر سکے۔ عام آدمی گروپ ارباب اختیار سے مطالبہ کرتا ہے کہ یوسی گھوڑا گلی کو فورا گیس فراہمی کے انتظامات کیے جائیں۔
