ملکہ کوہسار مری کو گہرے کالے بادلوں اورٹھنڈی ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔توقع کی جارہی ہے کہ مری میں جلد برفباری کاآغاز ہوجائے گا۔
بدلتے موسمی تیور کو دیکھتے ہوئے ضلعی اورتحصیل انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی ہے،اس حوالے سے جناح ہال مری میں منگل کے روز دن تین بجے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مری وایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مری احمدحسن رانجھا،اسسٹنٹ کمشنرمری صاحبزادہ محمدیوسف،مرکزی انجمن تاجران،ہوٹل ایسوسی ایشن،پولیس حکام،سٹی ٹریفک پولیس،محکمہ ہائی وے مری کے افسران سمیت شہر کے تمام سٹیک ہولڈرزاور متعلقہ سرکاری اداروں کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔
اجلاس میں برفباری کے حوالے سے تمام محکموں کے ذمہ داران اپنے موجود وسائل،مشینری،مزید ضروریات اوردیگر انتظامات کے حوالے سے ضلعی حکام کو بریفنگ دیں گے،اجلاس میں موسم سرما خصوصاً برفباری کے دوران فول پروف انتظامات،سیاحوں اورمقامی لوگوں کو سہولیات اورتحفظ کی فراہمی پر حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔
