ملکہ کوہسار مری میں برف باری کا سیزن سر پر آ پہنچا ہے تاہم مری کو ضلع کا درجہ ملنے کے باوجود برف باری کے موسم کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی جانب سے کوئی انتظامات ہوتے نظر نہیں آ رہے جبکہ انتظامیہ بھی اس سلسلے میں متحرک دکھائی نہیں دے رہی ۔
عوامی کاروباری اور سیاحتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑکوں سے برف کی صفائی نمک کے چھڑکاؤ، سنو پوائنٹ کے قیام اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی برفباری کے دوران جہاں سیاحوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا وہیں اس لاپرواہی سے مری کے کاروبار پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مری کے کاروبای حلقوں کا کہنا ہے کہ یہاں کاروبار پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ہے اور اگر برفباری کے دوران بھی صورت حال ایسی ہی رہی تو مری کے کاروباری حلقوں اور دیہاڑی دار مزدوروں کا معاشی قتل ہو گا ۔
