ایبٹ آباد ( نوید اکرم عباسی )سرکل بکوٹ میں چوری چکاری اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے بعض منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے عوامی آگاہی مہم کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد ویلج کونسل بکوٹ شریف کے چئیرمین حسام جمشید عباسی کی طرف سے ویلج کونسل کے 20 مقامات پر سائن بورڈز نصب کردیئے گئے ہیں۔ ان سائن بورڈز پر غیر متعلقہ افراد کے علاقے میں داخلے کے حوالے سے آگاہی پیغامات درج ہیں ۔
واضح رہے کہ موجودہ صورت حال میں سرکل بکوٹ کے علاقوں بکوٹ، مولیا، بیروٹ اور گردو نواح میں چوری چکاری، ڈکیتی وغیرہ کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں جس پر مذکورہ علاقوں کے عوام کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جرائم پیشہ افراد کی مشکوک سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ویلیج کونسل بکوٹ کے تحت تھانہ بکوٹ ،علمائے کرام ،امام صاحبان و عمائدین ویلج کونسل بکوٹ شریف کی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس نے متفقہ طور پر قواعد و ضوابط کی منظوری دی ہے جس کے بعد عوامی آگاہی کیلئے بورڈز نصب کردیئے گئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ یونین کونسل بیروٹ کلاں اور کہو شرقی میں بھی کئی مقامات پر اس قسم کے آگاہی اور انتباہی بورڈ نصب کئے گئے ہیں تاہم ان ہدایات پر عمدرآمد کیلئے مانیٹرنگ کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔
