نو اعلان شدہ ضلع مری کے صدر مقام کے لیے تین مقامات کی نشان دہی کی گئی ہے۔ ان میں لوئر ٹوپہ ، گلہڑہ گلی اور موضع پڑھنہ شامل ہیں۔ صدر مقام کا فیصلہ کرتے وقت آسان رسائی، وافر جگہ کی دستیابی ، انفراسٹرکچر کی موجودگی اور تمام علاقوں سے مناسب فاصلے کو مدنظر رکھنا ضروری ہے
ضلع مری کے صدر مقام کے لیے کیے گئے سروے میں مقامی لوگوں کی اکثریت نے لوئر ٹوپہ کو موزوں ترین مقام قرار دیا۔ یہاں سے متعلقہ علاقوں کا فاصلہ بھی مناسب ہے اور سہولیات اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی یہ مقام مناسب ترین ہے۔
انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بھی لوئر ٹوپہ کو ہی مناسب مقام قرار دیا۔ کیونکہ دیگر مقامات کے مقابلے میں یہاں ٹریفک جام کا مسئلہ نہ ہونے کے برابر ہے اور اگر یہاں پر پارکنگ پلازہ بھی تعمیر ہو جائے تو پھر مری شہر پر بھی ٹریفک کا دباؤ کم ہو سکتا ہے۔ مری ڈویلپمنٹ فورم بھی انتظامی امور پر گہری نظر رکھتا ہے۔ ان کے سینئیررکن حماد سکندر عباسی نے بھی لوئر ٹوپہ کو ہی ضلع مری کا صدر مقام بنانے کے حق میں رائے دی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع مری میں فی الحال دو تحصیلیں، مری اور کوٹلی ستیاں، شامل ہیں۔ علاقے سے منتخب رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایس پی پولیس کی تعیناتی کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ مری میں حکومت پنجاب کے تیس ڈیپارٹمنٹس کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کی تعیناتی بھی ہو چکی ہے۔
صدر مقام پر انتظامی مشینری کے دفاتر قائم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب جلد مری کا دورہ کریں گے۔ ان کی منظوری کے بعد مختلف شعبوں کو ان کے کام کی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔
