ایبٹ آباد(نوید اکرم عباسی )
ایبٹ آباد کے تھانہ بکوٹ کی "پولیس عوام رابطہ کمیٹی” کا اجلاس چئیرمین تھانہ بکوٹ مصالحتی کمیٹی سردار عثمان عباسی اور ایس ایچ او بکوٹ نصیر خان کی سربراہی میں منعقد کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سجاد خان کی ہدایت پر ضلع میں موجودہ صورتحال پر پولیس اورعلاقے کے عوام کے درمیان رابطہ اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی بنائی گئی ہے جس کے تحت ضلع بھر کے تھانوں میں علمائے کرام ، پی ایل سی ممبران ، اکابرین و معززین علاقہ ، سماجی ورکرز کے ہمراہ پولیس افسران کی میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بکوٹ کی تھانہ بکوٹ کے پی ایل سی ممبران ، علمائےکرام ، اکابرین و معززین علاقہ سے میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ، اس موقع پر تھانیدار نصیر خان ،چئیرمین مصالحتی کمیٹی عثمان عباسی، سابقہ ممبر ضلع کونسل سردار الیاس عباسی، ڈاکٹر شریف، مولانا بنیامین قریشی، سردار اعجاز عباسی ،سابق ناظم مولیا حاجی نثار عباسی ودیگر نے اجلاس میں شرکت کی ۔
اس موقع پر شرکا کی جانب سے امن و امان کے قیام ، جرائم پیشہ عناصراور منشیات فروشوں ، کے خلاف کاروائیوں کے حوالے سے ایبٹ آباد پولیس کی کارکردگی کو سراہا گیا
میٹنگ کے شرکاء کی طرف سے امن و امان میں خلل پیدا کرنے والے شرپسند و جرائم پیشہ عناصر ، ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد ، منشیات فروشوں کے سوشل بائیکاٹ اور ان کے خلاف کاروائیوں پر ایبٹ آباد پولیس کے ساتھ مکمل تعاون پر اتفاق بھی کیا گیا۔
،
تھانہ بکوٹ میں پولیس عوام رابطہ کمیٹی کا اجلاس
