ایبٹ آباد کے علاقے بیروٹ خورد میں حال ہی میں نصب کی گئی کیبل کار بریک فیل ہو جانے کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کےمطابق بیروٹ خورد کے دشوار گزار پہاڑی مقام پر نکر قطبال اور موہڑہ کے درمیان نصب کیبل کار خوفناک حادثے سے بچ گئی اور رش نہ ہونے کی وجہ سے ایک ہی شخص زخمی ہوا جو اس وقت لفٹ میں سوار تھا ۔ مذکورہ کیبل کار پرائیویٹ سیکٹر کے تحت ملک کے معروف بزنس مین امتیازگروپ آف سپر مارکیٹس کے چیئرمین امتیازعباسی نے ذاتی خرچ پر لگوائی ہے تاہم مقامی لوگوں کے مطابق غیر تربیت یافتہ اور اناڑی آپریٹر ،اور ناتجربہ کار عملے کی وجہ سے کیبل کار کو انتہائی غیر پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جا رہا ہے جس سے مسافروں کی جانوں کو ہر وقت خطرہ لاحق رہتا ہے۔ علاقے کے لوگوں کی سہولت کیلئے صابر جان کے نام سے منسوب یہ کیبل کار حال ہی میں نصب کی گئی ہے جبکہ اس سے پہلے بیروٹ کلاں کے علاقے ترمٹھیاں سے نکر قطبال تک لفٹ پہلے سے چل رہی ہے۔
مقامی سماجی رہنما غضنفر علی عباسی کے مطابق کروڑوں کی لاگت سے نصب کی جانے والی یہ کیبل کار انتظامیہ اور عملے کی بدانتظامی اور لاپروائی کے باعث روز اول سے کسی نا کسی طرح سے چھوٹے موٹےحادثات کا شکار چلی آرھی ھے ۔
منگل کے روز نکرقطبال سے موھڑہ جانے کیلئے جب مقامی باشندے ریٹائرڈ پوسٹ ماسٹر بابو مذکورہ پوائنٹ پر پہنچے تو وھاں موجود کیبل آپریٹر آکاش عباسی نے انہیں موھڑہ کیلئے سوار کیا اور لفٹ چلادی جو دوسری جانب جب مطلوبہ پوائنٹ میراں نی جھیک پہنچی تو الفٹ آپریٹر بریک ھی نہیں لگا سکا اور کیبل کار آذادانہ طور پر سامنے جا کر دیوار سے جاٹکرائی جس سے اس میں سوار اکلوتےمسافر بابو خان لفٹ کے دروازہ سے لگنے کے باعث سرمیں گہری چوٹ آنے سے فوری خون میں لت پت ہوگئے ۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کیلئے پہلے بی ایچ یو موہڑہ لے جایا گیا اور بعد ازاں ایبٹ آباد کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق لفٹ کے دیوار سے ٹکرانے کی آواز اس قدر شدید تھی کہآس پاس کے گاؤں کے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے ۔ مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر لفٹ سے زخمی مسافر کو باھر نکالا۔
سوشل میڈیا پر خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی
کیبل کار حادثے کے بعد جائے حادثہ پر پہنچنے والے لوگوں نے بتایا کہ وہ زور دار دھماکے کی آواز سن کر یہاں پہنچے ہیں ، جبکہ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے اطلاع ملنے پر یہاں آئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جس علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے یہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہے تاہم یہاں کے لوگوں کی اکثریت پڑھی لکھی اور سوشل میڈیا کے استعمال میں مہارت رکھتی ہے۔ خاص طور پر صدائے سرکل بکوٹ کے نام سے ایک واٹس ایپ اور فیس بک پیج موجود ہے جو پورے سرکل بکوٹ میں ہونے والے کسی بھی واقعے کے حوالے سے فوری اطلاع دے دیتا ہے ۔ مذکورہ گروپ کے ایڈمن غضنفر علی عباسی علاقائی مسائل اور حادثات و واقعات سے لوگوں کو آگاہی دینے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔
