بلوچستان میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی صوبے میں بارشوں کے نئے اسپیل کے آغاز کا امکان ہے اور اس سےقبل متاثرہ شاہراہوں پرعارضی گزرگاہیں بنا دی گئیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ متبادل راستے سے ہیوی ٹریفک کےلیے کھول دی گئی، اوتھل اور بیلہ کے مقامات پر عارضی راستے بنائے گئے ہیں اور مال بردار گاڑیاں بھی روانہ کردی گئی ہیں، قلعہ عبداللہ میں تین مقامات پر شاہراہیں عارضی آمدورفت کے لیے کھول دی گئی۔ادھر پشین کا بالائی علاقوں سے رابطہ بحال ہوگیا، بلوچستان کو پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ فورٹ منرو کے مقام سے لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ساتویں روز بھی بند ہے۔دوسری جانب کوئٹہ سے کراچی اور پشاورکے لیے ٹرینیں بھی بحال نہ ہو سکیں جب کہ 200 سے زائد پھنسے ٹرکوں میں سبزیاں اور پھل خراب ہو گئے۔ بلوچستان میں 29 اگست سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم بھی ملتوی کردی گئی جس کے بعد اب یہ 5 ستمبر سے شروع ہو گی۔ ڈیرہ مراد جمالی کے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن سے پانی کی نکاسی جاری ہے، آج بجلی بحال ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان: بارشوں کے نئے اسپیل سے قبل متاثرہ شاہراہوں پر عارضی گزرگاہیں قائم
