بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پی اے ایف کی ریسکیو ٹیموں نے موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے علاقوں کے مکینوں میں 1000 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹس، 25 خیمے اور 2090 پاؤنڈ راشن تقسیم کیا۔سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے متعلقہ شعبوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ھر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ائیر چیف کی خصوصی ہدایات پر پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپ متاثرینِ سیلاب کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ پی اے ایف کے میڈیکل کیمپوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 239 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ مزید برآں، پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے متعدد خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ملک بھر میں خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں نامساعد موسمی حالات کے باوجود پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا امدادی آپریشن جاری
