تہران: اسلامی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں نیتن یاہو کے دفتر کے ساتھ اسرائیلی فضائیہ کے کمانڈر ٹومر بار کی رہائش گاہ کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے سرکاری خبر رساں ادارے سپاہ نیوز پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی مقامی طور پر تیار کردہ “خیبر شکن” بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے کی گئی۔ بیان میں نیتن یاہو کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تصدیق فراہم نہیں کی گئی اور کہا گیا کہ مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ایرانی حکام کے مطابق خیبر شکن میزائل کی رونمائی اور آزمائشی لانچ مئی 2023 میں کی گئی تھی۔ اس میزائل کی مبینہ مار دو ہزار کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے اور یہ پندرہ سو کلوگرام تک وزنی وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تاحال اسرائیلی حکام کی جانب سے اس دعوے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ صورتحال سے متعلق مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
