پنجاب حکومت نے شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ تعطیل بدھ 4 فروری کو ہوگی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار اور نیم خودمختار ادارے، سرکاری کارپوریشنز، لوکل کونسلز اور سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی ادارے مذکورہ روز بند رہیں گے۔ تعطیل کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو شبِ برات کی مذہبی سرگرمیوں میں بلا رکاوٹ شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں میں متوقع رش کے پیش نظر مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق تعطیل کے اعلان کے بعد شہریوں میں خوشی دیکھی جا رہی ہے، کیونکہ اس سے انہیں اہلِ خانہ کے ساتھ شبِ برات کی روایات ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ شہری اس موقع پر نوافل، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور مرحومین کی قبروں پر حاضری دیتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز لاہور کو ہدایت کی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن کو قومی اور علاقائی اردو و انگریزی اخبارات میں شائع کروایا جائے اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اس کی تشہیر کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام بروقت فیصلے سے آگاہ ہو سکیں۔
عوامی حلقوں کی جانب سے پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے تاکہ یہ رات امن اور عقیدت کے ساتھ گزاری جا سکے۔
