امریکا نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا کے اجرا کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ویزا نظام میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے اور امریکی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 21 جنوری سے پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نئے درخواست دہندگان کے لیے امیگرنٹ ویزا کا اجرا روک دیا جائے گا۔
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ امیگرنٹ ویزا کی یہ معطلی درخواست گزاروں کی مکمل جانچ پڑتال کے عمل تک جاری رہے گی۔ اس دوران درخواست دہندگان کو امریکی قوانین کے مطابق اپنی مکمل اہلیت ثابت کرنا ہوگی اور یہ یقین دہانی بھی کرانا ہوگی کہ وہ امریکا میں سرکاری معاونت پر انحصار نہیں کریں گے۔
واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صرف امیگرنٹ ویزا تک محدود ہے، جبکہ نان امیگرنٹ ویزا درخواستوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق سیاحتی ویزا، طلبا اور ان کے اہلخانہ کے لیے نان امیگرنٹ ویزا کا عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سمیت مجموعی طور پر 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متاثرہ ممالک میں صومالیہ، روس، ایران، افغانستان، برازیل، نائجیریا، تھائی لینڈ، عراق، اردن، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ اور ازبکستان سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان، افغانستان، روس اور ایران کے شہریوں کے لیے بھی امیگرنٹ ویزا پراسیس فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔
