ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی امریکی جارحیت ہوئی تو ایران بھرپور جواب دے گا۔ ایران کے پارلیمنٹ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ حملے کی صورت میں اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی اڈے ایران کے جائز ہدف ہوں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ نے ممکنہ امریکی مداخلت پر ٹیلی فون پر بات چیت کی، جبکہ خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل بھی ہائی الرٹ پر ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ امریکا ایرانی مظاہرین کی مدد کے لیے تیار ہے، لیکن اس کا مطلب فوجی مداخلت نہیں ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، جہاں بعض شہروں پر حکومت کا کنٹرول محدود ہے۔ ایرانی حکومت نے برسوں عوام کے ساتھ برا سلوک کیا اور موجودہ مظاہرے اس کی سزا کے مترادف ہیں۔
