پشاور: لکی مروت اور بنوں میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے واقعات میں 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جن میں تین ٹریفک پولیس جبکہ ایک پولیس اہلکار شامل ہے۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے نورنگ میں ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھے کہ نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، پولیس کانسٹیبل عزیز اللہ اور پولیس کانسٹیبل عبداللہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ شہید اہلکاروں کی لاشیں نورنگ ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنوں کے تھانہ منڈان کی حدود کفشی خیل میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار رشید خان شہید ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بنوں ریجن میں محض چار گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں چار پولیس اہلکار شہید ہوئے، جس کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
