کراچی:مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 لاشیں برآمد
کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب مین ہول سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق لاشوں میں 1 مرد، 2 خواتین اور 1 بچہ شامل ہیں۔
اسد رضا نے بتایا کہ یہ لاشیں تقریباً 10 سے 15 روز پرانی ہیں اور ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ ریسکیو حکام کو علاقے کے مکینوں کی جانب سے ایک لاش کے مین ہول میں ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ جب ریسکیو ٹیم نے پتھر ہٹائے تو مزید 3 لاشیں برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے موت کی اصل وجہ معلوم ہوگی۔ مین ہول میں لاشیں چھپانے کے لیے اینٹیں بھی ڈالی گئی تھیں۔ ریسکیو حکام نے کہا کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ لاشوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں یا نہیں، جبکہ پولیس تفیشی ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
