سکیورٹی فورسز کی کارروائی،5بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
کوہلو میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کسی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور انسانیت دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
