افواجِ پاکستان نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظمؒ کی مثالی قیادت آج بھی قوم اور افواجِ پاکستان کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال قیادت اور اصولی جدوجہد کو سراہا۔ اس موقع پر چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کی جانب سے بھی قائداعظمؒ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
افواجِ پاکستان نے قائداعظمؒ کے ویژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بانیٔ پاکستان کے نظریات اور امنگوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے نبھانے کے عزم کو بھی دہرایا۔
