بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ پیدائش آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
آج پاکستان بھر میں بابائے قوم، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یومِ پیدائش نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مختلف تقاریب، سیمینارز اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں قائداعظم کی قیادت، جدوجہد اور ویژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوگی، جبکہ قائداعظم ریذیڈنسی زیارت میں گارڈ آف آنر اور پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ ان تقریبات میں سول اور عسکری حکام شرکت کریں گے۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے قیام کی جدوجہد کی اور اپنی بے مثال قیادت کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔ آپ 25 دسمبر 1876 کو کراچی کے ایک تاجر گھرانے میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم سندھ مدرستہ الاسلام سے حاصل کی۔
بعد ازاں محمد علی جناحؒ نے لندن سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور عملی سیاست کا آغاز انڈین نیشنل کانگریس سے کیا۔ ان کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا، جو آج بھی ان کے افکار اور اصولوں کا مظہر ہے۔
