ایبٹ آباد،تھنڈیانی روڈ برمی گلی میں شادی شدہ خاتون اغواء
ایبٹ آباد کے تھنڈیانی روڈ برمی گلی میں نقاب پوش مسلح ملزمان نے دن دہاڑے ایک شادی شدہ خاتون کو اغواء کر لیا، جبکہ خاتون کے خاوند اور دیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور قریبی جنگل میں درخت سے باندھ دیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے خود کو آزاد کرایا اور پولیس کو اطلاع دی۔ تھانہ بکوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں اغواء، غیر قانونی حبس اور مسلح حملے سمیت مختلف دفعات شامل ہیں۔
پولیس نے مغویہ کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، مختلف مقامات پر چھاپے اور ممکنہ راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
علاقہ مکینوں نے پولیس سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر مزید دلیر نہ ہوں۔
