گھوٹکی میں بس سے اغوا کیے گئے مسافر بازیاب،1جاں بحق
سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈو کشمور روڈ پر بس سے اغوا کیے گئے تمام مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری طور پر سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر نے بتایا کہ بس کنڈکٹر ابتدائی طور پر مغوی مسافروں کی درست تعداد نہیں بتا سکا تھا، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں نے مجموعی طور پر 14 مسافروں کو اغوا کیا تھا۔
ان کے مطابق 13 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے، جبکہ ایک مغوی کی لاش ملی ہے۔ جاں بحق ہونے والے مسافر کی شناخت کریم بخش کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع جعفرآباد کا رہائشی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کریم بخش کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوؤں سے مقابلہ بھی ہوا، جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ کارروائی کے دوران ڈاکوؤں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی پر راکٹ بھی فائر کیے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
