بھارتی پولیس نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے علاقے بونڈی بیچ میں پیش آنے والے حملے میں ملوث شخص سے متعلق اپنا مؤقف سامنے لے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور ساجد اکرم بھارتی شہری تھا اور اس کا تعلق حیدرآباد دکن سے تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ساجد اکرم تقریباً 27 برس قبل طالب علم ویزا پر آسٹریلیا گیا تھا، بعد ازاں اس کا ویزا مستقل رہائش میں تبدیل ہو گیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق ساجد اکرم نے 1998ء میں آسٹریلیا منتقل ہونے کے بعد چھ مرتبہ بھارت کا سفر کیا، تاہم اس دوران اس کا اپنے اہلِ خانہ سے رابطہ محدود رہا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ساجد اکرم کے خاندان کو اس کے مبینہ انتہا پسند نظریات یا شدت پسندی کی جانب جھکاؤ سے متعلق کوئی پیشگی علم نہیں تھا۔ اہلِ خانہ کو بھی ان حالات کا اندازہ نہیں تھا جن کی وجہ سے وہ شدت پسندی کی طرف مائل ہوا۔
بھارتی پولیس نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ بونڈی بیچ میں حملے میں ملوث باپ بیٹے کے شدت پسندی کی طرف جانے کے اسباب کا بھارت سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا جانے سے قبل ساجد اکرم کے خلاف بھارت میں کسی قسم کا منفی یا مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
