ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن،7 خوارج ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران نائیک یاسر خان شہید ہو گئے، جن کا تعلق ضلع مردان سے تھا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی مہم جاری رکھی جائے گی۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گردوں کے منصوبے ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
