آسٹریلیا،حملہ آور کو پکڑنے والا احمد ال احمد ہیرو بن گیا
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ پر پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے دوران غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے والے شہری کی شناخت سامنے آ گئی ہے، جسے آسٹریلوی میڈیا نے ہیرو قرار دے دیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق بونڈی بیچ پر دو حملہ آوروں نے اچانک شہریوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 30 کے قریب زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کو دہشت گردی قرار دیا گیا ہے، فائرنگ کرنے والوں میں سے ایک موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے دوران وہاں موجود ایک شہری نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر حملہ آور کو قابو کر لیا، اس سے اسلحہ چھین لیا اور یوں متعدد قیمتی جانیں بچ گئیں۔ اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے جو سڈنی میں پھلوں کی دکان چلاتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش کے دوران احمد ال احمد کو بازو پر دو گولیاں بھی لگیں، تاہم انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جن میں احمد ال احمد کو حملہ آور پر قابو پاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین کی جانب سے ان کی بہادری کو خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ آسٹریلوی میڈیا اور عوامی حلقوں میں انہیں حقیقی ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔
