اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے اور علما اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
وفاقی دارالحکومت میں قومی علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں علما اور قوم کی دعاؤں سے پاکستان کو اہم کامیابی ملی، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے انتباہ کیا کہ افغانستان سے آنے والے دہشت گرد ہمارے لوگوں کو شہید کر رہے ہیں، اور بلوچستان و خیبرپختونخوا میں بے گناہ افراد خوارج کا نشانہ بن رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی شب و روز کی محنت سے ممکن ہے، نہ کہ جادو ٹونے یا دیگر طریقوں سے۔ دشمن حیران اور دوست خوش ہیں کہ پاکستان نے معرکۂ حق جیتا، مگر زہر آلود پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔
