عمران خان کی منتقلی کےحوالے سے قیاس آرائی بےبنیاد،جیل ذرائع
اسلام آباد: اڈیالہ جیل ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو جیل سے کسی اور مقام پر منتقل کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبریں محض قیاس آرائی پر مبنی ہیں اور وہ اڈیالہ جیل میں موجود ہیں جہاں ان کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ پمز اسپتال کی 5 رکنی ڈاکٹرز ٹیم نے حال ہی میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت مکمل طور پر بہتر ہے۔ ساتھ ہی ان کی سکیورٹی اور کھانے کا بھی مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے کسی بھی منتقلی پر فی الحال کوئی بات زیر غور نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت عمران خان کو جیل سے منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے، تاہم جیل ذرائع نے اس معاملے کو تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
