چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاستِ مدینہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں گہرا روحانی اور تاریخی تعلق ہے، اور دونوں ریاستوں کے درمیان دفاعی معاہدہ اسی مضبوط رشتے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے حرمین شریفین کی حفاظت کا شرف پاکستان کو عطا فرمایا۔
اسلام آباد میں قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑ دیا وہاں انتشار اور فساد نے جگہ بنا لی۔ انہوں نے کہا کہ عزت اور طاقت کا حصول تقسیم سے نہیں بلکہ محنت اور علم سے ممکن ہوتا ہے۔
اپنی تقریر میں فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کو بھارت کا وطیرہ قرار دیتے ہوئے کہا:
"ہم دشمن کو چھپ کے نہیں، للکار کر مارتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست کی ذمہ داری ہے، کوئی انفرادی گروہ اس کا مجاز نہیں۔ معرکۂ حق میں کامیابی اللّٰہ کی نصرت سے ہی ممکن ہوتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے علماء سے اپیل کی کہ وہ قوم کو متحد رکھیں، نظریاتی استحکام کو مضبوط کریں اور عوام کی نظر میں وسعت پیدا کریں تاکہ معاشرہ انتشار کے بجائے یکجہتی کی طرف بڑھے۔
