اسلام آباد: چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ بھارت کسی قسم کی خود فریبی یا غلط فہمی میں مبتلا نہ رہے، آئندہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ برق رفتار اور شدید ہوگا۔
نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ موجودہ اور مستقبل کے بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے متحد نظام کے تحت مزید مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام دفاعی ڈھانچے میں ایک تاریخی تبدیلی ہے جو آپریشنل ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج اپنی انفرادی شناخت، تنظیمی ڈھانچے اور اندرونی خود مختاری کو برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ کمانڈ کی یکجہتی کے ساتھ کام کرتی رہیں گی، جبکہ نیا ہیڈکوارٹرز آپریشنز کو مربوط اور مؤثر بنانے کا کردار ادا کرے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے طالبان انتظامیہ کو بھی دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس صرف دو راستے ہیں — فتنۃ الخوارج کا ساتھ چھوڑیں یا پاکستان سے دشمنی کا راستہ اختیار کرنے کے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر کوئی بھی طاقت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور ناقابلِ تسخیر ہے اور ملک کی حفاظت ایمان سے سرشار جوانوں اور متحد قوم کے مضبوط عزم نے کر رکھی ہے۔
