9 کو پی ٹی آئی،10 مئی کو بھارت کو شکست دی:عطاء اللّٰہ تارڑ
لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف نے ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر ملک کو نقصان پہنچایا، جبکہ 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو جواب دے کر شکست دی۔ ان کے مطابق تحریکِ انصاف پاکستان کے دفاع کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔
لاہور میں خطاب کرتے ہوئے عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت نے صوبے کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پشاور کے اتوار بازار میں پی ٹی آئی کا جلسہ بری طرح ناکام ہوا، حالانکہ پارٹی گزشتہ بارہ سال سے صوبے میں حکمرانی کر رہی ہے اور ایک بھی بڑا ترقیاتی منصوبہ شروع نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے تمام وعدے پورے کر رہی ہے، جبکہ بانیٔ پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا مقصد ریاست کو کمزور کرنا ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا خوف آج دشمن پر طاری ہے اور ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس اور دیگر غیر قانونی اقدامات کے باعث جیل میں ہیں۔
وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ 9 مئی کے واقعات کے دوران شہداء کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا گیا، جو وہی کام تھا جو دشمن کرنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ PTI کی قریبی رشتہ دار فوج مخالف بیانیہ بھارتی میڈیا پر دہراتی ہیں، جس پر شرم آنی چاہیے۔
