بلوچستان کے ضلع قلات میں فورسز کا آپریشن،12 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور بارہ شرپسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ فورسز نے علاقے میں کلیئرنس مشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ گروہ کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز ’’وژن عزمِ استحکام‘‘ کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں فتنۂ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔
وزیر داخلہ اور صوبائی حکومت کا ردعمل
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی قلات آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔ ان کے مطابق بلوچستان میں فتنۂ الہندوستان کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں دو اہم واقعات پیش آئے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی میں تقریباً 100 دہشت گردوں اور فراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالے جبکہ قلات میں 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے واضح حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ماضی میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو ایک بار پھر قومی دھارے میں واپس آنے کا موقع دیا جا رہا ہے، تاہم اگر کوئی طاقت کے زور پر بات کرے گا تو ریاست بھی طاقت سے جواب دے گی۔
