صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے متفقہ قرارداد منظور-خیبرپختونخوا اسمبلی نے صوبہ ہزارہ کے قیام کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کرلی، جسے ہزارہ کے عوام کے دیرینہ مطالبے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 239 کے تحت نئے صوبے کے قیام کیلئے ضروری آئینی عمل فوراً شروع کیا جائے، تاکہ ہزارہ کے عوام کی کئی دہائیوں پر محیط جدوجہد کو عملی شکل دی جاسکے۔
قرارداد کے اہم نکات
قرارداد کے متن کے مطابق:
- صوبائی حکومت نئے صوبے کے قیام کیلئے مطلوبہ مشاورتی اور انتظامی اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کرے۔
- صوبہ ہزارہ کے مجوزہ ڈھانچے، حدود اور انتظامی طریقہ کار کی تشکیل کیلئے ضروری سفارشات تیار کی جائیں۔
- ان سفارشات کو متعلقہ فورمز کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ آئینی عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
عوام کا دیرینہ مطالبہ
صوبہ ہزارہ کا قیام کئی برسوں سے مقامی آبادی کا مطالبہ رہا ہے۔ مختلف سیاسی و عوامی پلیٹ فارمز پر اس کے حق میں آوازیں بلند ہوتی رہی ہیں، اور آج کی قرارداد کو اس جدوجہد میں اہم سنگِ میل قرار دیا جارہا ہے۔
اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد اب یہ معاملہ وفاقی سطح پر آئینی عمل کی جانب بڑھے گا، جس سے ہزارہ خطے کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے کا تعین ممکن ہوسکے گا۔
