پشاور: شہر کے علاقے صدر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید اور 2 حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے۔
سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق تین خودکش حملہ آور ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنے آئے، ایک نے گیٹ پر دھماکے سے خود کو اڑایا، جس میں گیٹ پر تعینات 3 اہلکار شہید ہوئے۔ باقی دو حملہ آور اندر داخل ہوئے، تاہم ایف سی اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث انہیں فوری ہلاک کر دیا گیا اور ہیڈکوارٹرز کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا گیا۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق دھماکے کے 5 زخمیوں کو لاہور ریفرل ہسپتال (LRH) منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں میں 2 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے بتایا کہ صدر میں دو خودکش دھماکے کیے گئے، ایک مین گیٹ اور دوسرا موٹرسائیکل سٹینڈ پر ہوا۔ دو حملہ آور فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گئے جبکہ 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور آپریشن جاری ہے، ایف سی اور پاک فوج کے جوان کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں۔ پولیس نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور داخلی و خارجی راستے بھی مکمل طور پر سیل کر دیے گئے۔
سی سی پی او میاں سعید نے کہا کہ وہ خود آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں، فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ دھماکوں کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور صدر روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ڈی سی پشاور ثناء اللہ نے تمام ہسپتالوں کو الرٹ کر دیا اور ریسکیو اہلکار زخمیوں کی مدد کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔ں۔
