ڈی آئی خان،پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکا،2 اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں پولیس کی بکتر بند گاڑی بارودی مواد کے دھماکے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ سات زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہتھالہ گلوٹی روڈ پر علاقے کڑی ملنگ کے قریب نامعلوم افراد نے امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس (IED) نصب کر رکھی تھی، جو پولیس کی گاڑی گزرنے پر زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان نے بتایا کہ دھماکے میں اہلکار سیف الرحمن اور رمضان جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ زخمیوں میں کفایت، شاہد، محبوب عالم اور آصف رحمان کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے۔ دیگر تین اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔
دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
