روس کی پاکستان-بھارت اور پاکستان-افغانستان تنازعات میں ثالثی کی پیشکش
روس نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور افغانستان کے مابین جاری کشیدہ تنازعات میں ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔ یہ اعلان اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کی ایک تقریب کے دوران روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو علاقائی سلامتی، خصوصاً افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے اور وہ ان تنازعات میں مصالحت کے لیے تیار ہے۔
سفیر خوریف نے مزید بیان کیا کہ جنوبی ایشیا میں تناؤ اکثر بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی بنا پر بڑھتا ہے، اور روس دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی امن کی حمایت کے لیے مستقل کوششیں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماسکو پاکستان کو ایک اہم علاقائی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے اور اقتصادی، سماجی اور استحکام کی ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے صدر ولادیمیر پیوٹن کے “گریٹر یوریشین پارٹنرشپ” وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس کا خیال ہے کہ علاقائی تنازعات کو ان میں ملوث ممالک خود ہی حل کرنا چاہئیں، اور ماسکو اس کوشش میں تعاون کے لیے اپنی ذمہ داری نبھانے کو تیار ہے۔
