مسئلہ فلسطین پر مسلم دنیا متحد ہے، مولانا فضل الرحمان
سلہٹ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلے پر پوری مسلم اُمہ ایک موقف رکھتی ہے اور یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔
بنگلا دیش میں فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بنگلا دیش کے مسلمانوں کا ختمِ نبوت کے عقیدے پر اتحاد قابلِ تحسین ہے اور یہ عمل تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی یہ کانفرنس فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام ہے، اور مسلم دنیا ایک جسم کی مانند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی اخوت آج بھی زندہ ہے، پاکستان اور بنگلا دیش کے مسلمانوں کے جذبات فلسطینی عوام کے لیے یکساں ہیں، ایمانی رشتوں کی بنیاد پر ہر مظلوم مسلمان کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہماری دعائیں اور حمایت ان کے ساتھ ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فورسز نے بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو قتل اور بے گھر کیا ہے، جبکہ عالمی ادارے بھی مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالتِ انصاف نے اسرائیلی قیادت کے خلاف فیصلے دیئے، مگر عالمی طاقتیں عمل درآمد میں ناکام ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے عوام بیدار ہیں اور مختلف ممالک میں فلسطینی عوام کے حق میں بڑی تعداد میں لوگ باہر نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے عوام کے درمیان بھائی چارہ اور خیرسگالی آج بھی قائم ہے اور اسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسلم دنیا کو ظلم کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا اور حکمرانوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا ہوگا تاکہ دنیا میں انصاف کی آواز مضبوط ہو۔
